پنڈوچیری، 25جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پنڈوچیری کے ایک ممتاز انسٹی ٹیوٹ میں انکم ٹیکس محکمہ کی چھاپہ ماری کے دوران 80کروڑ روپے کی ضبطی پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے انا ڈی ایم کے نے آج مرکز سے ریاست کے نجی میڈیکل کالجوں کے طریقہ کار کی تحقیقات کے لئے حکام کی ایک اعلی سطحی ٹیم قائم کرنے پر زور دیا۔انا ڈی ایم کے پارٹی اراکین کے لیڈر اے انبلگن نے نامہ نگاروں سے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ اور چنئی میں واقع گروپ کے احاطے میں کل کی گئی چھاپہ ماری اور اس دوران بھاری نقد رقم کی برآمدگی محض ایک مثال ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ پنڈوچیری میں نجی میڈیکل کالج کس طرح چل رہے ہیں۔اتنی بڑی رقم کی ضبطی کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام ریاست کے تمام سات میڈیکل کالجوں کی تحقیقات محکمہ انکم ٹیکس سے کروائی جانی چاہئے اور دیگر کالجوں کو بھی جوابدہ بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ میڈیکل کالجوں کی طرف سے بھاری فیس وصول کئے جانے کے باوجود پنڈوچیری حکومت خاموشی سادھے رہی اور اس سے ان شبہات کو تقویت ملتی ہے کہ بالواسطہ طور پر حکومت اس کی حمایت کر رہی تھی۔انا ڈی ایم کے لیڈر نے لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی سے کالجوں کے طریقہ کار کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم کی تعیناتی کے لئے مرکز کو راضی کرکے اپنا کرداراداکرنے کی اپیل کی۔محکمہ انکم ٹیکس نے کل مبینہ ٹیکس چوری کے معاملے میں ایک انسٹی ٹیوٹ کے احاطے میں تلاشی لی تھی اور اس دوران 80کروڑ روپے ضبط کئے تھے۔